نئی دہلی، 19؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کیگ کے مطابق نئے فائر بریگیڈ اسٹیشنوں کی کمی کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی خدمات متاثر ہو رہی ہیں لیکن اس کے برعکس دہلی فائر بریگیڈ سروس (ڈی ایف ایس )کے سربراہ جی سی مشرا نے ٹریفک جام کو فائر بریگیڈ سروس کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا اور نئے اسٹیشنوں کی ضروریات کو بہت زیادہ اہمیت نہیں دی۔مشرا نے کہا کہ آگ کے واقعات کی اطلاع ملنے کے بعد اوسطا ردعمل کا وقت ٹریفک جام کی وجہ سے بڑھ کر 9 منٹ ہو گیا ہے جبکہ عمومی حالات میں اسے تین سے پانچ منٹ ہونا چاہیے ۔اسمبلی میں گزشتہ ہفتے پیش کی گئی کیگ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دہلی فائر سروس مجموعی طورپر 42فیصد اہلکاروں کی کمی کے مسئلے سے دو چار ہے اور یہاں منظورشدہ 70ا سٹیشنوں کے علاوہ 12اور فائر سروس کے اسٹیشنوں کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایف ایس کے رسپانس کا وقت طے شدہ قوانین کے مطابق نہیں ہے۔مشرا نے میڈیا سے کہاکہ اگر ہم لوگ ہر ایک کلو میٹر پر بھی فائر بریگیڈ اسٹیشن قائم کر دیں پھر بھی ردعمل کا وقت گھٹ کر تین منٹ پر نہیں آئے گا۔ساتھ ہی دہلی میں نئے فائر سروس کے اسٹیشنوں کی تعمیر کے لیے زمین موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھیڑبھاڑ والے اوقات میں ہی انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب جام کی مدت بڑھ رہی ہے۔مشرا نے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ ڈی ایف ایس طاق وجفت فارمولہ سے خوش ہے کیونکہ اس دوران ردعمل کے وقت میں 25فیصد تک کی کمی آ جاتی ہے۔فی الحال قومی دارالحکومت میں ڈی ایف ایس کے تحت 59فائر فائٹرزکے اسٹیشن کام کر رہے ہیں۔